بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) سرچ انجن بائیڈو نے ایسی ٹیکنالوجی متعارف کروا ئی ہے جس کی مدد سے ایک منٹ تک آپ کی آواز سن کر اسے کلون کرکے آپ کی آواز اور لہجے میں بات کی جا سکتی ہے۔ بائیڈو کافی عرصے سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر کام کر رہا ہے اور اس ٹیکنالوجی میں اس نے بہت مقبولیت حاصل کر لی ہے۔ بائیڈو مردوں کی آواز عورتوں میں اور عورتوں کی آواز مردوں میں آسانی سے تبدیل کر سکتا ہے۔
بائیڈو کے اے آئی سافٹ ویئر کو ڈِیپ وائس کا نام دیا گیا ہے۔ چینی ماہرین آواز کے فطری، قدرتی انداز اور لب و لہجے کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں تاکہ سننے والے کو پتا نہ چل سکے کہ یہ کوئی مشینی آواز ہے۔ ماہرین آوازوں کو مزید بہتر کرنے کی کوشش میں ہیں تاکہ انہیں حقیقت کے قریب لایا جائے۔ واضح رہے کہ بائیڈو کمپنی عجیب و غریب اشیا بنانے میں بہت مشہور ہے اور اس حوالے سے اس کمپنی نے مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر ازخود چلنے والی موٹرسائیکل بنانے کا اعلان کیا تھا۔ 2000ء میں قائم ہونے والی اس کمپنی میں اب علی بابا کارپوریشن نے دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے۔