اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت نے صارفین کو نیٹ میٹرنگ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت کوئی بھی صارف اپنے گھر کی چھت پر سولر سسٹم لگا کر اپنی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے بعد فالتو بننے والی بجلی نیشنل گرڈ کو فروخت کر کے اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکتا ہے۔ بجلی کی پیداوار کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کاوشیں بہت جلد رنگ لائیں گی اور 2017 تک لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائیگا ہمارے صنعتی ، تجارتی ، زرعی اور اسی طرح کے بڑے صارفین کوچائییے کہ وہ قدرت کی دی ہوئی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے سولر سسٹم لگوائیں اور نہ صرف بجلی کی ضرورت کماحقہ پوری کریں بلکہ اپنی پیداواری لاگت میں بھی کمی لا کر معاشی فوائد حاصل کریں انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیسلا انڈسٹریز (TESLA) کے مقامی سطح پر بنائے گئے 20 کلو واٹ سولر سسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دفاتر کی بجلی کی تمام ضروریات پوری کرے گا اس موقع پر چیمبر کے عہدیداروں ، اراکین اورصنعتی و تجارتی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ سولر انرجی کے شعبے میں پاکستان یورپی و ایشیائی ممالک کو اپنے بنائے ہوئے سولر سسٹم فراہم کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنیادیں فراہم کرنے کیلئے حکومت کی کوئی کوشش اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک کہ ہمارے صنعت کار ، تاجر ، کسان اور تعلیم و صحت کے شعبوں سے وابستہ لوگ اس کا ساتھ نہ دیں انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹوں ، تجارتی مراکز ، تعلیمی اداروں ، ہسپتالوں اور اس طرح کے دیگر اداروں کو چائییے کہ وہ اپنا سولر سسٹم خود لگوائیں جو نہ صرف انہیں لوڈ شیڈنگ سے نجات دلا دے گا بلکہ ایک ہی دفعہ کی سرمایہ کاری کے بعد انہیں مفت بجلی ملتی رہے گی اگر ایسا ہو جائے تو ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہو سکتا ہے اور ہماری معیشت ترقی کے سفر پر دوڑنے لگے گی انہوں نے کہا کہ حکومت بھی بجلی کے شارٹ فال پر قابو پانے کیلئے ملک کے مختلف حصوں میں سولر انرجی منصوبے لگا رہی ہے جن کی تکمیل پر ہمیں ہماری ضرورت کی بجلی دستیاب ہو گی اور گھریلو و دیگر صارفین لوڈ شیڈنگ سے نجات پاجائیں گے احسن اقبال نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے سبب پاکستان کی معیشت بہت ترقی کرے گی اور اس سرمایہ کاری کے اثرات عوامی سطح تک پھیلیں گے اور ان کا معیار زندگی بلند ہو گا اس موقع پر ٹیسلا انڈسٹریز کے جی ایم مبارک حسین حیدر نے بتایا کہ نیٹ میٹرنگ حکومت کی جانب سے منظور کی جانے والی ایسی سہولت ہے جس کے ذریعے گھریلو سطح پر لگائے گئے سولر سسٹم کی فالتو بجلی نیشنل گرڈ کو فروخت کرکے صارفین نہ صرف لوڈ شیڈنگ سے نجات پا سکتے ہیں بلکہ اپنے سسٹم پر بننے والی فالتو بجلی واپڈا کو فروخت کرکے منافع بھی کما سکتے ہیں۔