لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والے سینیٹر مشاہد حسین سید نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دیدیا ۔مشاہد حسین سید مسلم لیگ (ق) کی ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے ۔ مشاہد حسین سید نے (ن) لیگ میں شمولیت سے قبل (ق) لیگ کی قیادت کو اپنے
استعفے کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ذرائع کے مطابق مشاہد حسین سید کا (ن) لیگ کی ٹکٹ پر دوبارہ سینیٹ کے انتخاب میں حصہ لینے کا قوی امکان ہے ۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ق) کی قیادت نے مشاہد حسین سید کی (ن) لیگ سے قربت کی وجہ سے چند ماہ قبل انہیں ان کی جگہ طارق بشیر چیمہ کو پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے عہدے پر مقرر کر دیا تھا۔دریں اثناء مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ مشاہد حسین سید بہت پہلے چھوڑ چکے تھے اب صرف خدا حافظ کہا ہے ، جماعت اسلامی نے سینیٹ انتخاب میں حمایت کر دی ہے تاہم کوشش ہو گی کہ اپوزیشن کا متفقہ امیدوار آئے ۔ صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخاب کے حوالے سے جماعت اسلامی نے ہماری حمایت کی ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ سینیٹ کا ایک ہی امیدوار ہو اورہم سب ایک دوسرے کی سپورٹ سے آگے بڑھیں ۔انہوں نے مشاہد حسین سید کی (ن) لیگ میں شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ بہت پہلے چھوڑ چکے تھے اب انہوں نے صرف خدا حافظ کہا ہے ۔