اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ نے گزشتہ سال اپنے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس 8 اور ایس 8 پلس کے ڈیزائن میں کمال کر دکھایا تھا مگر لگتا ہے کہ اس سال کی ڈیوائس اس حوالے سے مایوس کن ثابت ہوگی۔ اسمارٹ فونز کی قابل اعتبار تصاویر لیک کرنے والے ایون بلاس نے گلیکسی ایس نائن اور نائن پلس کے فرنٹ ڈیزائن کی تصاویر جاری کی ہیں اور پہلی نظر میں یہ گزشتہ سال کے ماڈلز سے ملتے جلتے ہیں۔
ویسے گلیکسی ایس 8 کے لگ بھگ بیزل لیس ڈسپلے کو دیکھتے ہوئے یہ حیران کن بھی نہیں کہ ایس نائن اس سے ملتا ہے، تاہم پھر بھی کچھ معمولی تبدیلیاں ضرور محسوس کی جاسکتی ہیں۔ مزید پڑھیں : گلیکسی ایس 9 میں یہ تبدیلی پسند کریں گے؟ ان میں سب سے نمایاں تبدیلی یہ ہے کہ ایس نائن کی اسکرین کے اوپر کیمروں اور سنسرز کو رکھا گیا ہے۔ اور یہ اس بات کی نشانی ہے کہ سام سنگ نے چہرے سے ڈیوائس ان لاک کرنے کی جدید ترین ٹیکنالوجی کو اس فون کا حصہ بنایا ہے جبکہ یہ بھی حیران کن نہیں ہوگا کہ اس فون میں سیلفی کے لیے پورٹریٹ ایفیکٹ دیا گیا ہو جیسا پکسل ٹو اور آئی فون ایکس میں ممکن ہے۔ اسی طرح ایس نائن اور ایس نائن پلس کے کونوں میں موجود بیزل حیران کن طور پر ایس ایٹ سے زیادہ بڑے لگ رہے ہیں۔ صرف ایک تصویر سے کچھ کہنا تو مشکل ہے مگر ایس ایٹ میں جو ایج اسکرین تھی وہ اس بار نظر نہیں آتی۔ جیسا لکھا جاچکا ہے کہ صرف ایک تصویر سے بالکل درست اندازہ لگانا ممکن نہیں اور اس کی مزید تصاویر کی ضرورت ہے۔ مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس فون کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ فلیگ شپ فون اگلے ماہ 25 تاریخ کو بارسلونا میں متعارف کرایا جارہا ہے۔ یہ بھی پڑھیں : سام سنگ گلیکسی ایس نائن 25 فروری کو پیش ہوگاممکنہ طور پر یہ ایس سیریز کا پہلا فون ہوگا جس میں ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ ہوگا، طاقتور اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر اور کیمرے پہلے کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہوں گے۔