لیہ(آن لائن) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے لیہ میں پیری مریدی کی آڑ میں عریاں تصاویر اور ویڈیوز بنانے والے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر خالد انیس کے مطابق ایف آئی اے نے ایک شکایت کنندہ کی تحریری شکایت پر چھاپہ مار کر لیہ کے رہائشی عاشق حسین عرف نانگا کو گرفتار کیا۔ایف آئی اے ڈائریکٹر کے مطابق ملزم نے تعویذ کرانے کے لیے آنے والوں کی عریاں تصاویر اور ویڈیوز بنا ئیں تھیں۔
بعد میں ان ویڈیوز کے ذریعے ان سے رقوم بٹورنے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔پنجاب سمیت پاکستان کے بیشتر علاقوں میں جعلی پیری مریدی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں معصوم اور سادہ لوح لوگوں کو مختلف حیلے بہانوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے لوٹا جاتا ہے۔گذشتہ برس نومبر میں بھی لاہور پولیس نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو مسائل کا حل بتا کر لوٹنے والے دو جعلی پیروں کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق دو سگے بھائیوں ضیغم اور وسیم نے فیس بک پر شاہ جی کے نام سے اکاؤنٹ بنا رکھا تھا، جس کے ذریعے وہ سادہ لوح شہریوں کو لوٹا کرتے تھے۔