لاہور ( نیوز ڈیسک) لاہور سمیت نیپال اور بھارت کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز نیپال کی پہاڑیوں میں بتایا گیا ہے ، زلزلے کے بعد نیپال میں مختلف مقامات پر عمارتیں گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے ، لاہور میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل ا ئے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے نے نیپال کو بری طرح متاثر کیا اور کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے ، ان علاقوں میں ریسکیو ٹیموں نے امدادی کاموں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ مرنے والوں کی میتوں اور زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ تمام ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر کے انہیں فوری طور پر ہسپتال طلب کر لیا گیا ہے ، نیپال میں زلزلے سے چار گاؤں مکمل طور پر تباہ ہوگئے جہاں مزید افراد کے مرنے اور زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔