لاہور (آن لائن)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقے دھند میں دھندلا گئے، صبح کے وقت آمدورفت میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیئے گئے۔ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ساہیوال سمیت مختلف شہر دھند کی لپیٹ میں رہے۔ حد نگاہ صفر ہونے پر موٹر وے کو لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد سے گوجرہ تک عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک
کیلئے بند کر دیا گیا۔ دھند کے باعث ٹرینیں بھی رینگ رینگ کرچلتی رہی، کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں۔ نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ دوسری طرف کراچی سے گلگت تک سردی کی گاڑی نے اسپیڈ پکڑ لی ہے۔ بالائی اور میدانی علاقوں میں لوگ تھر تھر کاپنے لگے۔ سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 9، کوئٹہ منفی 8، گلگت، ہنزہ، منفی 7 اور زیارت میں منفی 5 رہا جبکہ اسلام آباد میں ایک، لاہور میں 3، پشاور میں
2 اور کراچی میں درجہ حرارت 10 ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام ا?باد، راولپنڈی، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑے گی۔