اسلام آباد (این این آئی)نیب راولپنڈی نے بدعنوانی میں ملوث اشتہاری ملزم مظفر نشاط کو پاکستان پہنچنے پر بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد سے گرفتار کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملزم مظفر نشاط ولد نشاط احمد خان نے گاڑیوں کی خریداری کیلئے قائم کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے اپنے اختیارات سے تجاوز اور بدعنوانی کی، وہ اس خریداری کمیٹی کے رکن تھے جس نے خریداری قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈیلر کو ایڈوانس رقوم کی ادائیگی کی اجازت دی اور ان رقوم کی ادائیگی کی ۔چیئرمین پی اے آر سی (سی ایم انور خان) نے
بغیر کسی گارنٹی کی منظوری دی جبکہ پرچیز کمیٹی کے اراکین نے مالی قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان ادائیگیوں کی سفارش کی جن سے گاڑیاں خریدی گئیں اور پی اے آر سی کے اکاؤنٹس سے ایلفا موٹرز اور ونگز موٹرز کے اکاؤنٹس میں دھوکہ دہی سے رقوم منتقل کی گئیں اور مہنگے داموں گاڑیاں خریدی گئیں، ملزم مسلسل عدالت سے غیرحاضر تھا اور اسے اشتہاری قرار دیا گیا تھا جبکہ احتساب عدالت نمبر4راولپنڈی/ اسلام آباد نے ملزم کے ورانٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے۔ ملزم کو جسمانی ریمانڈ کیلئے (آج) بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا۔