سرینگر(آن لائن)مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم کے انسانی حقوق کے شعبے نے 2017 میں کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے حوالے سے سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 2017 میں کل 391 اموات ہوئی ہیں جن میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں 309 معصوم کشمیری شہید ہوئے جبکہ اس دوران بھارتی فورسز کے 81 اہلکار بھی مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق
رواں سال گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ اموات ہوئی ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر اموات مختلف علاقوں میں بھارتی فورسزکی طرف سے کئے جانے والے آپریشنوں کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیر گیس شیلنگ کے دوران دم گھٹنے کے نتیجے میں بھی ایک عام شہری کی موت ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق عام شہریوں میں سب سے زیادہ18 شہریوں کی اموات اپریل میں ہوئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق
شہریوں کا قتل، تشدد آمیز واقعات ، سرحدی گولہ باری ، کرفیو اور پابندیاں، گرفتاریاں ، کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا بے دریغ استعمال، انٹرنیٹ خدمات کی آئے روزمعطلی اور انسانی حقوق کی دیگر پامالیاں 2017 میں بھی جاری رہیں ۔اس کے علاوہ تاریخی جامع مسجدسرینگر میں 18 بار نماز جمعہ بشمول جمعتہ الوداع ادا کرنے پر پابندی اور چےئرمین حریت فورم میر واعظ عمر فاروق اوردیگر مزاحمتی رہنماؤں وکارکنان کی بار بار نظر بندیوں اور گرفتاریوں کی تفصیلات بھی رپورٹ میں درج ہیں۔