مانسہرہ ( سی پی پی )مانسہرہ کے دو دیہاتوں میں تنظیم کی جانب سے داڑھی کے فرنچ کٹ اور ایل کٹس بنائے جانے پر پابندی لگائی گئی ہے البتہ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق مانسہرہ کی یونین کونسل خاکی اور یونین کونسل بیرکون میں انٹرنیشنل ختم نبوت کی جانب سے پابندی کا یہ اعلان پمفلٹ کے ذریعے تقسیم کیا گیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ تنظیم غیرمعروف ہے۔ اردو زبان میں یہ پمفلٹ چھاپے گئے ہیں لیکن
ان پر کہیں نہ کوئی دستخط ہے اور نہ ہی کسی کا نام تحریر کیا گیا ہے۔ اس پمفلٹ میں لکھا گیا ہے کہ داڑھی کی بے حرمتی، بے ادبی اور گستاخی شرعاً ناجائز ہے۔ پمفلٹ میں تحریر کیا گیا ہے کہ جس دکان پر بھی داڑھی کی ڈیزائنگ کی جائے گی یعنی فرینچ کٹ وغیرہ تو اس حجام کی دکان پندرہ دن کے نوٹس پر خالی کروائی جائے گی۔ اس پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم مالکان و دکان ایسوسی ایشن باربر اور زیر نگرانی مانسہرہ امیر انٹرنیشنل ختم نبوت کی جانب سے ہے۔