لاہور(اے این این )مسلم لیگ ن کے ر ہنما نعیم علوی بھارت میں انتقال کرگئے،مرحوم پی پی 146 سے ن لیگ چیف کوآرڈی نیٹر تھے، 6 دسمبر کو لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے بھارت گئے تھے مگر جانبر نہ ہوسکے۔تفصیلات کے مطابق شاہجہاں پارک کے رہائشی 45 سالہ نعیم علوی گزشتہ ایک سال سے جگر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ نعیم علوی 6 دسمبر کو لیور ٹرانسپلانٹ کیلئے دہلی گئے، 21 دسمبر کو لیور ٹرانسپلانٹ ہوا جس کے بعد ہوش میں نہ آ
سکے اور گزشتہ روز خالق حقیقی سے جاملے۔مرحوم کی میت جمعرات کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور لائی گئی اور نماز ظہر کے بعد ان کی تدفین مشتاق کالونی قبرستان میں کی گئی ۔ان کی نمازجنازہ میں مسلم لیگ(ن) کے ارکان پارلیمنٹ اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ مرحوم نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔ نعیم علوی کے بھائی کے مطابق مرحوم کو 2 سال پہلے ہیپاٹائٹس سی ہوا جس سے جگر کا مسئلہ بنا اور ڈاکٹروں نے لیور ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا۔