فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایسے صاف ستھرے کردار کے مالک اور عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کو آگے لایا جائیگاجو صحیح معنوں میں کرپٹ نظام کے خاتمہ کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں،پاکستان کے 22 کروڑ عوام کو انصاف اور انکے بنیادی حقوق دلانے کیلئے چند افرادکے قافلے نے آج ایک منظم تحریک کی شکل اختیار کر لی ہے اور آئندہ انتخاب دراصل
کرپٹ نظام کے حامیوں اور مخالفوں کے درمیان فیصلہ کن جنگ ہو گی۔ اس انتخابی معرکے کو کامیابی سے سر کرنے کیلئے ملک بھر سے شفاف کردار کے حامل افراد کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ وہ بنی گالہ میں فیصل آباد کے معروف تاجر راہنما اور آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین انجینئر احتشام جاوید کی طرف سے باضابطہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سالوں سے پاکستان کے غریب عوام کے ساتھ چوہے اور بلی کاکھیل کھیلا جار ہا ہے۔ باریاں لینے والوں کی سوچ صرف اپنی بہبود پر منحصر تھی یہی وجہ ہے کہ عوام آج بھی پینے کے صاف پانی، تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ چہرے بدلنے والے بہروپیے اندرون ملک اور بیرون ملک اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے انجینئر احتشام جاوید جیسے مخلص ، ایماندار اور پڑھے لکھے نوجوان کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور ۔ انجینئر احتشام جاوید نے پاکستان میں کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف کامیاب جدوجہد کرنے پر عمران خان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کے پسماندہ محروم اور پسے ہوئے طبقوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو وطن عزیز کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت دلانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کرپشن کو آج کے دور کا بدترین ناسور قرار دیا اور کہا کہ موجودہ اور سابق حکمران اپنی ایمانداری اور دیانتداری کا ڈھول پیٹ رہے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب لوگوں کو پتہ چل رہا ہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر انکو کتنا بڑا دھوکہ دیا ۔ انہوں نے عمران خان کو یقین دلایا کہ وہ فیصل آباد میں تحریک انصاف کو بنیادی سطح پر منظم کرنے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ تاکہ آئندہ انتخابات میں فیصل آباد سے تحریک انصاف کی کامیابی کیلئے راہ ہموار کی جا سکے۔