پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) اے پی ایس کے طلبا ء نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، ہم دہشتگردی سے کسی طور ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ ہم قوم اور پاکستان کے بچے ہیں۔سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی یاد کو تازہ رکھنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پشاور بھر کے 50 سرکاری اسکولوں کو شہدا کے ناموں سے منسوب کر دیا گیا ہے۔سرکاری اسکولوں کے نام شہدا کے ناموں سے منسوب کرنے کا مقصد دہشتگردی کی نفی کرنا اور طلبا کے حوصلے بڑھانا ہے۔ یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014ء کو سفاک دہشتگردوں نے
آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے اساتذہ اور معصوم بچوں کو شہید کر دیا تھا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے ‘ صوبائی حکومت سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کے ساتھ ہے‘اے پی ایس کے شہداء کے والدین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ ہفتہ کو سانحہ اے پی ایس کے 3 سال مکمل ہونے پر پرویز خٹک نے اپنے پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر کا دن متاثرہ والدین کیلئے نہایت کرب کا دن ہے۔ صوبائی حکومت سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کے ساتھ ہے ٗہم اے پی ایس کے شہداء کے والدین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔