اسلام آباد ( آن لائن ) ڈائریکٹر’’ اعتماد ‘‘ سردار طارق الہی نے کہا ہے کہ اعتماد سعودیہ کی کمپنی ہے جو ملک کے اندر پاکستانی قوانین کے تحت رجسٹرڈ ہے مگر بعض ناپسندیدہ عناصر اس پر بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں، پاکستانیوں شہریوں کا ڈیٹا کسی دوسرے ملک میں منتقل نہیں کیا جاتا ،سعودی عرب جانے والے افراد کے بائیومیٹرک نظام کا تمام تردستاویزات سعودی سفارت خانے کی تحویل میں ہوتی ہیں، ان خیالات کااظہا رانہوں
نے خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سردار طارق الہی نے کہا کہ حج، عمرہ کی غرض سے سعودی عرب جانے والے تمام پاکستانیوں کیلئے بائیومیٹرک نظام سعودی حکومت نے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعارف کروایا، ’’اعتماد ‘‘ سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق حج، عمرہ زائرین کیلئے بائیومیٹرک نظام کا عمل مکمل کرتی ہے انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی عمرہ زائرین کا ڈیٹا مکمل طورپر محفوظ ہے اور کسی دوسرے ملک کو نہیں بھیجا جاتا البتہ پاکستان کے اند ر بعض ناپسندیدہ عناصر سعودی کمپنی پر مختلف الزامات عائد کرکے اسے بدنام کرنا چاہتے ہیں ، اس سلسلے میں وہ مختلف حربے استعمال کررہے ہیں مگر وہ ناکام ہونگے، ڈائریکٹر اعتماد طارق الہی کا کہنا تھا کہ’’ اعتماد ‘‘ وزارت داخلہ سے تصدیق شدہ او ر سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن کے تحت رجسٹرڈشدہ کمپنی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پورے ملک کے اندر عمرہ زائرین کی بہتر خدمت کیلئے ہرممکن کوشش کررہے ہیں ، آئندہ ماہ سے ملک کے اندر اعتماد کے دفاتر ضروری سہولیات کے ساتھ عمرہ زائرین کی سہولت کیلئے کھلیں گے۔