اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف میں سیاسی رہنماؤں کی آمد جاری ہے، تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے ملک اسماعیل سیلا جو کہ سابق ایم پی اے ہیں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے، وہ گزشتہ دو تین ماہ تحریک انصاف کی قیادت سے رابطے میں تھے، ملک اسماعیل نے جمعہ کے دن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے چوہدری علی اختر کے ڈیرے پر ملاقات کے موقع پر پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، ملک اسماعیل نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ الیکشن میں حلقہ پی پی 70 سے
پنجاب کے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے خلاف کھڑا ہونا چاہتے ہیں، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اگر میاں طاہر جمیل کے خلاف حلقہ پی پی 69 میں پارٹی نے ٹکٹ دیا تو وہ ان کے خلاف بھی الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ ملک اسماعیل سیلا پیپلز پارٹی کے پرانے ورکر ہیں، انہوں نے پیپلز پارٹی چھوڑنے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں آصف علی زرداری کی پالیسیوں کی وجہ سے ان کے ساتھ مزید کام نہیں کر سکتا، انہوں نے بتایا کہ وہ 1967ء میں پیپلز پارٹی کا حصہ بنے تھے اور اب دن رات تحریک انصاف کے لیے کام کریں گے۔