اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )بلوچستان میں شہید ہونیوالے ڈی آئی جی پولیس کو بھارت نے مروایا، دہشتگردوں کو اس کارروائی کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی نے 50ہزار ڈالر ادا کئے ، افغان رکن پارلیمنٹ کا انکشاف۔ روزنامہ
پاکستان لاہور کی ایک رپورٹ کے مطابق سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میرنے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کابل کے دوران نیشنل سالیڈیریٹی موومنٹ کے سربراہ اور افغانستان صوبہ پکتیکا سے رکن پارلیمنٹ پیر سید اسحاق گیلانی نے انہیں بتایا کہبلوچستان میں ڈی آئی جی پولیس پر خودکش حملہ بھارت نے کرایا ہے ، ڈی آئی جی حامد شکیل صابر پر حملے کا منصوبہ بنانے والوں کو افغانستان میں پچاس ہزار ڈالر ادا کئے گئے۔ حامد میر نے اپنے کالم میں مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید اسحاق گیلانی کا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ افغانستان کے راستے سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ہمارے ادارے بھی ملوث ہوں لیکن غیر ملکی طاقتیں سب جانتی ہیں وہ چاہیں تو ان سازشوں کو روک سکتی ہیں۔ پیر سید اسحاق گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کو ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور ایک دوسرے کے خلاف لڑنے کی بجائے اپنے مشترکہ دشمنوں کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے۔