کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) بینظیر بھٹو کے اضافی املاک ورثا میں تقسیم کرنے سے متعلق دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے بینظیر بھٹو کے کروڑوں روپے کے سیونگ سرٹفیکٹس کی تصدیق کا حکم دے دیاہے ۔جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں درخواست آصف زرادری کے اٹارنی ابوبکر زرداری نے دائر کی ہے۔دوران سماعت اسسٹنٹ رجسٹرار ہائیکورٹ نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔رپورٹ کے مطابق آصف زرداری کی درخواست پر اعتراضات کیلیے اخبار میں اشتہار دیا
گیا تھا تاہم درخواست پر کسی نے اعتراضات جمع نہیں کرائے۔ درخواست میں آصف زرداری نے موقف اختیارکیا ہے کہ بینظیر بھٹو کے کروڑوں روپے کے سیونگ سرٹیفکیٹ اور دیگر املاک کامعلوم ہواہے۔مذکورہ اضافی جائیداد پر ہمارا حق ہے جسے قانونی ورثا میں تقسیم کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے بینظیر بھٹو کے کروڑوں روپے کے سیونگ سرٹیفکیٹس کی تصدیق کا حکم دیتے ہوئے ناظر سندھ ہائیکورٹ سے سیونگ سرٹیفکیٹ کی تصدیقی رپورٹ 19 دسمبرتک طلب کرلی۔