اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ چین کے صدر کا دورہ مثبت اقدام ہے‘ اقتصادی راہداری سے ملک ترقی کرے گا‘ عوام خوشحالی کے لئے ترس رہے ہیں وزیراعظم کے اقدامات سے ان کو خوشحالی ملے گی‘ این اے 246 میں امیدواروں کو دستبردار کرنے کا فیصلہ اب عوام ہی کرے گی‘ اپنا امیدوار کسی صورت بھی نہیں بٹھا سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے صدر کا دورہ مثبت اقدام ہے ایسے ماحول میں جب ہر طرف مایوسی کا ماحول ہے اس موقع پر وزیراعظم کے اقدامات کی وجہ سے چین پاکستان کے اندر سرمایہ کاری کر رہا ہے اقتصادی راہداری کی وجہ سے ملک کو ترقی اور خوشحالی ملے گی لیکن ایک بات واضح ہونی چاہئے کہ کے پی کے اور بلوچستان کے عوام کو نظرانداز نہیں کرنا چاہئے۔ پاک چین دوستی بے مثال ہے اس کو اور بھی مضبوط ہونا چاہئے۔ چائنہ کے ساتھ مل کر ایک نیا بلاک بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 میں امیدواروں کو دستبردار کرنے کا فیصلہ اب عوام ہی کرے گی۔ جماعت اسلامی اپنا امیدوار کسی صورت بھی دستبردار کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ 23 اپریل کو عوام نے ہی فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کس امیدوار کو چنیں۔