لاہور ( این این آئی) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور اسموگ میں کمی نہ آسکی،لاہور میں کم سے کم حد نگاہ 300میٹر، فیصل آباد میں حد نگاہ 400جبکہ ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں حد نگاہ 20میٹر ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب میں بھی شدید دھند اور اسموگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں ملتان
، بہاولپور، بہاولنگر، حافظ آباد، گجرات، خانیوال اور جہانیاں میں بھی اب تک دھند اور اسموگ ہے۔محکمہ صحت پنجاب نے شہریوں کو بلا وجہ گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے جب کہ شہریوں کو بھی غیر ضروری سفر سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹہ کے دوران موسم خشک رہنے کا امکان ہے جب کہ دھند کا سلسلہ بھی جاری رہیگا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ گھروں میں صفائی کے دوران جھاڑو کی بجائے گیلا کپڑا استعمال کریں اورسفر کے دوران چشمہ اور ماسک استعمال کریں جب کہ شہری اسموگ سے بچنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں۔