لاہور(آئی این پی)لاہورہائیکورٹ نے قومی کرکٹر محمد عرفان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔پیر کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کرکٹر محمد عرفان کی جانب سے
دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اسپاٹ کیس میں ملوث پائے جانے پر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹر محمد عرفان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔قومی فاسٹ بالر اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد پی سی بی کے تمام الزامات سے بری ہوچکے ہیں مگر ان کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے۔کرکٹر محمد عرفان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ محمد عرفان عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں،مگر ای سی ایل میں نام موجود ہونے کے باعث انہیں اجازت نہیں مل رہی۔عدالت وزارت داخلہ کو کرکٹر محمد عرفان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم صادر کرے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی۔