اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان اور امریکہ نے مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ امریکہ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکی نائب وزیر خارجہ انتھونی بلنگن سے ملاقات کی ہے جس میں پاک امریکہ تعلقات، دہشت گردی ،خطے میں امن وامان اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے،وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور توانائی کے شعبے میں اضافے اور اصلاحات پر عمل درآمد یقینی بنارہی ہے اور ملک کو سرمایہ کاری کے شعبے میں پرکشش بنایا جارہا ہے جبکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور اس آپریشن میں حکومت پاکستان کو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے۔اس موقع پر امریکہ کے نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں اور کامیابیوں کو سراہا ہے ،انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان میں تجارت کے فروغ کا خواہاںہے اور توانائی کے شعبوں میں مزید تعاون اور سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ توانائی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلایا جائیگاجس پر وزیر خزانہ نے امریکی فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مضبوط ہیں اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت اور تواانائی کے شعبے میں تعاو ن سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔