اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چین کے صدر کی پاکستان آمد پر حکومت پاکستان سکیورٹی انتظامات چینی سکیورٹی حکام کی مشاورت سے کررہی ہے ۔ چین کی طرف سے سکیورٹی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم پہلے ہی پاکستان میںموجود ہے اور یہ سکیورٹی ٹیم پاکستان کی سکیورٹی ایجنسیوں سے مل کر سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق چین کی سکیورٹی ٹیم کی خواہش پر وزیراعظم سیکرٹریٹ کا فرنیچر بھی تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ پارلیمنٹ میں اس حوالے سے خصوصی انتظامات تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں ۔ چین کی سکیورٹی ٹیم نے وہ نشستیں بھی اپنی مرضی سے رکھوائی ہیں جن پر چین کے صدر اور پاکستان کے وزیراعظم بیٹھ کر تمام معاہدوں اور ایم او یوز پر تبادلہ خیالات کرینگے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے اپنے دیرینہ دوست چین کے صدر کو غیر معمولی پروٹوکول اور سکیورٹی انتظامات دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پاک چین دوستی پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو ۔