لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ نے رحمان پورہ کے علاقے میں لاہور بار کے سینئر ممبر رؤف ٹھاکر ایڈووکیٹ کو بیوی اور بچے سمیت قتل کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاکے قتل کے واقعات انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔وکلانظام عدل کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں ضائع نہیں ہونے دوں گا۔تفصیلات کے مطابق لاہور بار ایسوسی ایشن کے سینئر ممبر رف احمد ٹھاکر کو بیوی اور بچے سمیت قتل کرنے کی اطلاع ملتے ہی چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے انتظامی سطح پر واقعہ
کا نوٹس لیا اور رجسٹرار آفس کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کی تفصیلی پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کیا جائے، چیف جسٹس نے رجسٹرار ہائیکورٹ خورشید رضوی کو ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے آئی جی پنجاب پولیس سے رابطہ کر کے رپورٹ حاصل کریں اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان فوری طور پر گرفتار ہوں، چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے سینئر وکیل کے بیوی اور بچے سمیت قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلانظام عدل کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔