واشنگٹن (این این آئی)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔ بدھ کو پاکستانی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اپنے امریکی ہم منصب سے واشنگٹن میں ملاقات کی جس میں پاک امریکا تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ افغانستان میں سیکیورٹی کے معاملے پر بات چیت ہوئی اور خطے میں دیرپا امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ان کا کہنا ہے کہ عراق اورشام میں داعش کی عملداری ختم ہونے جارہی ہے ، نیٹو اراکین سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے میں مدد کررہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف افغانستان میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار کامعاملہ بھی اٹھایا۔ اس موقع پر کنٹرول لائن پربھارتی جارحیت بھی زیرِ غور آئی۔اس سے قبل وزیر خارجہ خواجہ آصف تین روزہ دورے پر امریکا پہنچے تو پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے واشنگٹن ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔