لاہور( این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ شیخ صلاح الدین نے کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے معاملے پربات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے ، چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الٰہی کا نام تجویز کیا ہے جبکہ ہماری طرف سے ڈاکٹر فاروق ستار ہو سکتے ہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے اراکین کی مجموعی تعداد56بنتی ہے
جبکہ ابھی جماعت اسلامی، اے این پی ، مسلم لیگ (ق) وغیرہ سے بات چیت کا آغاز اور اسے حتمی شکل دی جانی ہے ۔ پی ٹی آئی کی طرف سے شاہ محمود قریشی یا عمران خان کا نام ہرگز تجویز نہیں کیا گیا ۔ چوہدری شجاعت حسین سے بات ہوئی ہے توانہوں نے پرویز الٰہی کا نام تجویز کیا ہے اسی طرح ہماری طرف سے ڈاکٹر فاروق ستار کا نام ہو سکتا ہے ۔ ہم صرف پی ٹی آئی کی طرف سے سامنے آنے والے دو ناموں پر اکتفا نہیں کر رہے بلکہ جب نمبرز کے حوالے سے معاملات طے پا جائیں گے توپھر مشاورت سے فیصلہ ہوگا۔