میری لینڈ(آئی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل تجربے پر ردعمل میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی مرعوب نہیں ہوں گے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق ٹرمپ نے ان خیالات کا اظہار میری لینڈ میں جوائنٹ بیس اینڈریوز میں فوجیوں اور ان کے
اہل خانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ پیانگ یانگ کی طرف سے “اس کے ہمسایوں اور پوری عالمی برادری کی صریح توہین ہے۔قبل ازیں نیٹو نے شمالی کوریا کے اس تازہ ترین میزائل تجربے پر عالمی ردعمل کا مطالبہ کیا تھا۔ رواں ماہ ہی پیانگ یانگ سے چھٹا جوہری تجربہ کیا تھا جس کے بعد اقوام متحدہ نے اس پر نئی پابندیاں عائد کیں لیکن ایک روز قبل اس نے ایک اور میزائل تجربہ کیا اور یہ راکٹ پرواز کرتے ہوئے شمالی جاپان پر سے گزرا تھا۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ نے ٹوئٹر پر کہا کہ شمالی کوریا کا میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی ایک اور خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے جو کہ عالمی ردعمل کا متقاضی ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہونے والے بند کمرہ اجلاس کے بعد ایک بیان میں کونسل نے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی اشتعال انگیز قرار دیا اور
شمالی کوریا سے مطالبہ کیا کہ وہ جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کو کم کرے۔