لاہور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ میں نے انسانی ہمدردی میں محترمہ کلثوم نواز کی علالت کے بارے میں بیان دیا تھا لیکن کچھ حلقے میرے بیان کو دوسرے پیرائے میں دیکھ رہے ہیں۔ میں اپنی پارٹی پالیسی کا پابند ہوں جس کے مطابق موجودہ حالات میں میاں نواز شریف اور اُن کی پارٹی کو ہم کوئی رعایت دینے کو تیار نہیں یہاں سے جاری ایک
بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جے آئی ٹی کی سفارشات اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم اُس کو دل و جان سے سپورٹ کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے آرٹیکل 62 میں کسی قسم کی تبدیلی کو سپورٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔واضح رہے کہ منظور احمد وٹو کے کلثوم نواز سے اظہار ہمدردی کے بعد ان کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کی افواہیں زیر گردش ہیں۔