لاہور(آئی این پی)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی تسلسل کے ساتھ سازش کا بیانیہ پیش کر رہے ہیں لیکن سازش کرنے والے کا نام نہیں بتاتے ،کنٹینر کنٹینر کرتے کرتے نواز شریف خود کنٹینرپر چڑھ گئے ہیں اور یہ کنٹینر اپنی ہی حکومت کے خلاف نکلا ہے ،نواز شریف ریلی کے ذریعے عدلیہ اور فوج کو دباؤمیں لانے کی کوشش کر رہے ہیں ،ریلی کے اخراجات کو جشن آزادی کے سرکاری خرچے میں ڈال دیا جائے گا ،
ہماری طرف سے میثاق جمہوریت برقرار ہے نواز شریف کو اب یاد آیا ہے۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ گلے پھاڑ پھاڑ کر عدالتی فیصلہ قبول کرنے کی باتیں کرنے والے اب اسے سازش کہہ رہے ہیں ،ایک عدالتی فیصلے کی روشنی میں نواز شریف گھر گئے ،میاں صاحب آپ نے بھی ایک صدر اور آرمی چیف کو گھر بھیجا تھا ،آپ نے عدالت پر حملہ کر کے ایک چیف جسٹس کو بھی نکالا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کو بتائیں کہ سازش کس نے کی ہے۔پاکستان کو خطرات ہیں تو قومی قیادت کو آگاہ کریں ،اگر قوم کو آگاہ نہ کیا گیا تو آپ ایک قومی جرم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے آپ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا ہے اورریفرنس شواہد آنے کے بعد ہی دائر کیا جاتا ہے ،نواز شریف ریفرنس دائر ہونے پر پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں آپ کی جائیدادیں پکڑی گئیں ہیں ،آپ کے اربوں روپے کے اثاثے سامنے آ گئے ہیں ،نواز شریف صاحب آپ ابھی بھی نظام کے لاڈلے ہیں ،آپ پر ہلکا ہاتھ رکھا گیا ہے اورآپ کو گرفتار نہیں کیا گیا ،آصف زرداری کو پہلے جیل بھیجا گیا پھر تحقیقات شروع ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ثابت ہوئے اسی لئے ریفرنس دائر ہوئے ہیں ،نا اہل ہونے والا شخص کسی سیاسی جماعت کی قیادت نہیں کر سکتا اس لئے الیکشن کمیشن نے مجبوراًن لیگ کو نواز شریف کو فارغ کرنے کا خط لکھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر کنٹینر کرتے کرتے نواز شریف خود کنٹینرپر چڑھ گئے ہیں اور یہ کنٹینر اپنی ہی حکومت کے خلاف نکلا ہے ،نواز شریف ریلی کے ذریعے عدلیہ اور فوج کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں ،ریلی کے اخراجات کو جشن آزادی کے سرکاری خرچے میں ڈال دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام کی ہزاروں گاڑیاں کہاں غائب ہو گئیں اور بہت سے معاملات بھی عوام کے سامنے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کو کروڑوں لوگ چنیں تو کیا وہ قانون سے بالاتر ہو جاتا ہے ؟۔پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے لئے جدوجہد کی ،یہ لوگ تو جمہوریت کے خلاف چلیں ہیں ،نواز شریف صاحب آپ نے کبھی بھی جمہوریت کی لڑائی نہیں لڑی ،آپ اس وقت باہر نکلتے ہیں جب آپ کے پاؤں جلتے ہیں ۔نواز شریف صاحب آپ میمو سکینڈل میں کالا کوٹ پہن کر کس کے اشارے پر گئے تھے ،اب آپ کو میثاق جمہوریت یاد آ گیا ہے ،نواز شریف اب ضدی بچے بن گئے ہیں ،نوازشریف نئے طریقے سے عدالت پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔