اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا ء کے بیرون ملک سفر کے بارے میں پالیسی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم آفس کو صرف بیرون ملک دورے کی تاریخوں سے متعلق پیشگی آگاہ کرنا لازمی ہوگا ٗوفاقی وزیر اور وفاقی سیکرٹری ایک وقت پر بیرون ملک دورے پر نہیں جاسکیں گے ٗ اگروفاقی وزیر اور سیکرٹری کا ایک وقت میں جانا انتہائی ضروری ہو تو وزیراعظم سے پیشگی اجازت لینا ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزرا کو متعلقہ وزرائے مملکت کو بیرون ملک دوروں کیلئے اجازت دینے کا اختیار دے دیا گیا ہے ٗ وفاقی وزراء کو وزارتوں کے سیکریٹریز اور افسران کو اجازت کا اختیار بھی دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر کو دوست ممالک کے دوروں پروزارت خارجہ، خزانہ، کابینہ سے اجازت مانگنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اس صورت میں دوروں کے اخراجات متعلقہ وزارتیں خود بردداشت کریں۔