اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پارلیمنٹ میں عائشہ گلالئی کے عمران خان پر الزامات پر بحث کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز نے بھی سکیورٹی سٹاف کی ایک خاتون رکن کو جنسی طور پر ہراساں کیا تھا، خاتون سٹاف رکن نے پیپلزپارٹی کی نفیسہ شاہ کو آگاہ کیا۔ نفیسہ شاہ کی تحریری درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے سپیکر نے تحقیقات کے بعد ڈپٹی سارجنٹ ایٹ آرمز کو معطل کیا،
بحالی پر اس کی ڈیوٹی ایوان کی بجائے بیرونی گیٹ پر لگا دی گئی۔ جمعہ کو پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی نفیسہ شاہ نے عائشہ گلالئی کے الزامات پر بحث کے دوران انکشاف کیا کہ ان سے اسمبلی کے سکیورٹی سٹاف کی ایک خاتون رکن نے شکایت کی کہ ان کے ایک سینئر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا ہے میں نے اس پر تحریری طور پر سپیکر کو آگاہ کیا مگر اس واقعہ کو دو سال گزرنے کے بعد بھی متعلقہ فرد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ڈپٹی سپیکر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سٹاف ممبر کے خلاف سپیکر نے تحقیقات کرائیں۔واضح رہے کہ عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر نامناسب میسج بھجینے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس پر قومی اسمبلی کی جانب سے 20رکنی اخلاقیاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔جس کو گزشتہ رات تحریک انصاف کی جانب سے مسترد کردیا گیا ہے۔