اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے ریاستیں و سرحدی امور غالب خان وزیر کو پنجاب ہاؤس میں داخل ہونے سے روک دیا گیا، آپ کا نام فہرست میں نہیں ہے،یہ جواب سن کر وزیر مملکت واپس چلے گئے۔ ہفتہ کو وزیر مملکت برائے ریاستیں و سرحدی امور غالب خان وزیر بڑے جوش و خروش سے سبکدوش وزیراعظم نواز شریف سے ملنے کیلئے پنجاب ہاؤس آئے، اسلام آباد میں واقع اس بلند و بالا پنجاب ہاؤس میں فاٹا سے تعلقات رکھنے والے وزیرمملکت غالب خان وزیر کو داخل ہونے سے روک دیا گیا،
غالب خان وزیر مسلم لیگ (ن) کے دیرینہ کارکن ہیں جنوبی وزیرستان ایجنسی سے 2013میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پارٹی کارکن کو ایم این اے بنانے کے بعد اب وزیرمملکت بنا دیا گیا ہے، سبکدوش وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرنے کیلئے پنجاب ہاؤس پہنچے مگر سیکیورٹی کے ڈیوٹی اسٹاف نے یہ کہہ کر روک دیا کہ آپ کا نام فہرست میں نہیں ہے، وزیر مملکت یہ جواب سن کر واپس چلے گئے۔