اسلام آباد (آئی این پی) اپوزیشن میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے نام کا قبل ازوقت اعلان، اپوزیشن جماعتوں میں دوریوں کا باعث بنا ہے، غلطیوں کے ازالے کیلئے تحریک انصاف کو احساس دلانے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ جماعت اسلامی پاکستان کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ اپوزیشن میں اتحاد و اتفاق کی فضاء کی بحالی کیلئے سرگرم ہو گئے،
دونوں بڑی جماعتوں سے دوٹوک انداز میں بات کی جائے گی کہ پارلیمنٹ کے حوالے سے کسی بھی بڑے فیصلے کا قبل از وقت اعلان نہ کیا جائے جبکہ متحدہ حزب اختلاف میں اس پر مشاورت نہ ہو جائے۔ اپوزیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن میں دراڑ کی بنیادی وجہ وزارت عظمیٰ کیلئے تحریک انصاف کی جانب سے متحدہ حزب اختلاف کے مشاورتی اجلاس سے قبل اعلان ہے، اس حوالے سے تحریک انصاف کو جمعہ کو متحدہ حزب اختلاف کے متوقع اجلاس میں احساس دلایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن میں تعاون کی فضاء کو بحال کرنے کیلئے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق متحرک ہو گئے ہیں اس حوالے سے وہ دونوں بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے کر رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جمعہ تک اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات میں کمی آ جائے گی اور تعاون کی سازگار فضاء کے بارے میں متحرک رہنماؤں کی کوششیں بروئے کار آ جائیں گی کیونکہ دونوں بڑی جماعتوں کی جانب سے بھی اس حوالے سے لچک کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے تا کہ اختلافات ایوان کے اندر اپوزیشن میں بدمزگی کا باعث نہ بن جائیں۔