اسلام آباد (آئی این پی) خارجہ، دفاع اور داخلہ کے وزراء کی تقرری کے معاملے پر حکمران جماعت اندیشوں کا شکار ہو کر رہ گئی، عقابی صفت اراکین کو ان وزارتوں کا وزیر بنائے جانے کے فیصلوں سے مشکلات میں پھنسنے کی فکر بھی لاحق ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن)، خارجہ، دفاع اور داخلہ کے وزراء کی تقرریوں کے سلسلے میں ’’گومگو‘‘ کی کیفیت سے دوچار ہو کر رہ گئی،
فکرمندی اور اندیشوں میں گھری پاکستان مسلم لیگ(ن) اس حوالے سے کوئی واضح فیصلہ نہ کر سکی، بعض رہنماؤں نے پارٹی کو مشورہ دیا ہے کہ حکومت سازی کے معاملے پر کسی سے نیا پنگا لینے سے حتیٰ الامکان طور پر گریز کیا جائے، اس حوالے سے دوطرفہ قابل قبول اراکین کے ناموں پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کیلئے کئی ایک کو شریک مشورہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے۔