ملتان(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے اپنی پارٹی کے کارکنوں کی طرف سے بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کی مذمت کرنے سے انکار کردیا ،پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی اسی سلوک کے مستحق ہیں۔خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ایم این اے ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ جاوید ہاشمی داغی ہیں،
ان کے بیانات اورحرکات کی وجہ سے عوام میں ان کیخلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔جاوید ہاشمی ضمیر فروش آدمی ہے ،ان سے اس سے بھی بدترسلوک ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی پی ٹی آئی قیادت پر وہ الزامات اور بہتان لگارہے ہیں جن کا کوئی وجود ہی نہیں ہے جس پرپی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کو عوام نشان عبرت بنادیں گے۔ آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ملتان کے ترجمان جواد امین قریشی نے کہا کہ سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی اپنی بزرگی کا خیال رکھیں اور یہ خیال رکھیں کہ تحریک انصاف نے انہیں کتنی عزت دی ہے ،اس کے بدلے میں وہ تحریک انصاف اور تحریک انصاف کی قیادت کیساتھ کیا کررہے ہیں؟۔اگر پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے جاوید ہاشمی کیساتھ بدسلوکی ہوئی ہے تو یہ بزرگ سیاستدان کی حرکتوں کا ردعمل ہے۔دوسری طرف پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمدنے ملتان پریس کلب کے باہر جاوید ہاشمی سے پی ٹی آئی کارکنوں کی بدسلوکی کے واقعہ پر ردعمل دینے سے گریز کیا ،خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وہ اس پر کوئی ردعمل نہیں دینا چاہتے۔