پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے مقاصد پورے نہیں ہوئے تو وہ پارٹی کے مخالف ہو گئیں۔ پرویز خٹک تحریک انصاف سےمنحرف ہونے والی خاتون رہنما عائشہ گلالئی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دے رہے تھےانہوں نے کہا کہعمران خان نے عائشہ گلالئی کو زمین سے اٹھا کر آسمان پر پہنچایا، انہیں ممبر قومی اسمبلی بنایا مگر ان کا رویہ ناقابل فہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عائشہ گلا لئی کی باتیں اور الزامات میری سمجھ سے بالا تر ہیں اور ان کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، مرکزی رہنماؤں اور مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں اور اس کے خلاف بولنے کو میرے پاس بہت کچھ ہے مگر میں بولتا نہیں ہوں کیوں کہ نہ میری تربیت ایسی ہے اور نہ پارٹی کی تعلیمات ایسی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 15 دن قبل عائشہ گلالئی میرے پاس آئی تھیں اور پشاور این اے ون کا ٹکٹ مانگا تھا جس پر میں نے معذرت کرتے ہوئے کہا یہ میرے دائرہ اختیار میں نہیں ہے اس کے لیے اختیار پارلیمانی بورڈ اور پارٹی قیادت کے پاس ہے۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ عائشہ گلالئی کا تعلق بنوں سے ہے تو انہیں پشاور سے ٹکٹ کیسے دے دیا جاتا اسی لیے مایوس ہو کر انہوں نے پارٹی چھوڑدی۔خیال رہے تحریک انصاف کی خاتون رہنما عائشہ گلالئی نے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے پارٹی سے راہیں جدا کر لیں اور اپنی پریس کانفرنس میں پرویز خٹک اور ان کی کابینہ پر کرپشن میں ملوث ہونے کا الزم بھی عائد بھی کیا تھا۔