لاہور ( این این آئی) تحریک انصاف نے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں حمایت کے لئے کل مسالک علماء بورڈ سے رابطہ کر لیا ۔تحریک انصاف علماء ونگ پنجاب کے کنوئنر مولاناقاری محمدافضل حیدری نے پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشدکی حمایت کے لئے کل مسالک علماء بورڈ کے مرکزی راہنما مولانامحمدعاصم مخدوم سے جامع مسجدکبریٰ نیوسمن آباد لاہور میں ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر مولانامحمدعاصم مخدوم نے کہاکہ کل مسالک علماء بورڈ ملک میں فرقہ واریت کے
خاتمہ اور قیام امن کے لئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل مسالک علماء بورڈ نے موجودہ سیاسی صورتحال اور حلقہ این ائے120 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں بورڈ کا اجلاس5اگست کو طلب کیا ہے۔اجلاس میں فرقہ واریت کے خاتمہ اور قیام امن کے لئے جدوجہد ، جمہوریت کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے زیادہ کوشش کرنے والی سیاسی جماعت کی تائید اور حمایت کا اعلان کیا جائے گا۔