کراچی (آئی این پی ) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ لیاقت آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 6 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ رفاہ عام سوسائٹی میں دو ملزموں نے دکان میں گھس کر پچاس سالہ راشد عرف ماموں کو قتل کردیا ۔ مقتول کا تعلق ایم کیوا یم پاکستان سے تھا ۔ اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ سے 50 سالہ دانیال جاں بحق ہو گیا ۔
کینٹ تھانے کی حدود میں کارپینٹر امتیاز احمد کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا گیا ۔ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب فائرنگ سے معاذ اور سمیع زخمی ہوگئے ۔ دوسری طرف خواجہ اجمیر نگری میں قتل ہونے والے نوجوان عمران کے قتل کے الزام میں تین خواتین کو گرفتار کیا گیا جب کہ رینجرز نے لیاقت آباد بندھانی کالونی میں سرچ آپریشن کر کے 6 افراد کو حراست میں لے لیا ۔