اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ساؤتھ افریقہ اور برطانیہ کی سر زمین کا کراچی میں قتل و غارت اور دہشت گردی کیلئے استعمال کیا جانا سنگین اور قابل تشویش ہے، دونوں ممالک کی حکومتوں سے واضح ثبوت کے ہمراہ یہ معاملہ اٹھایا جائیگا۔بدھ کو وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے
ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں رینجرز کی جانب سے گزشتہ چند دنوں میں ساؤتھ افریقہ اور برطانیہ میں موجود نیٹ ورکس سے تعلق رکھنے والے ملزمان کی گرفتاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے نے کراچی میں امن و امان کے قیام اور قانون شکن عناصر کی سرکوبی کے حوالے سے رینجرز سندھ کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ کو اس سلسلے میں مفصل ریفرنس وزارت داخلہ کو بھیجنے کی ہدایت کی جس کی روشنی میں معاملہ ساؤتھ افریقہ اور برطانیہ کی حکومت سے اٹھایا جائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ بات سنگین اور انتہائی قابل تشویش ہے کہ ساؤتھ افریقہ اور برطانیہ کی سر زمین کراچی میں قتل و غارت اور دہشت گردی کیلئے استعمال کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں سے واضح ثبوت کے ہمراہ یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔