اسلام آباد (آئی این پی) دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے رابطے تقریباً مکمل کرلئے گئے، رواں ہفتے دینی جماعتوں کا سربراہ اجلاس متوقع ہے، رابطے انتہائی خوش اسلوبی سے مکمل کرلئے گئے ہیں اور معاملات میں پیش رفت ہو گئی ہے، تمام جماعتیں غیر مشروط طور پر دینی جماعتوں کے اتحاد پر آمادہ ہو گئی ہیں، بعض مذہبی تنظیموں کی شمولیت کے بارے میں قائدین مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، پہلے مرحلے میں جماعت اسلامی پاکستان، جمعیت علماء پاکستان، مرکزی جمعیت اہلحدیث، جمعیت علماء اسلام(س)، اسلامی تحریک اور دیگر سے رابطے مکمل کرلئے گئے ہیں، اتحاد کیلئے ان معاملات میں پیش رفت ہو گئی ہے، دینی جماعتوں کے اتحاد کے مرکزی قائدین میں مولانا فضل الرحمان، سینیٹر سراج الحق، مولانا سمیع الحق، سینیٹر پروفیسر ساجد میر، صاحبزادہ انس درانی، علامہ سید ساجد علی نقوی شامل ہوں گے، مذہبی تنظیموں کے اتحاد میں شامل کرنے کیلئے سربراہ اجلاس میں مشاورت کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سربراہ اجلاس رواں ہفتے اسلام آباد میں متوقع ہے، ان رابطوں کے بارے میں رابطہ کمیٹی ے سربراہ و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری، پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کو رپورٹ پیش کریں گے۔