اسلام آباد (آئی این پی) شہر اقتدار اسلام آباد کے سیاسی معاملات میں ٹھہراؤ آ گیا، حکومتی مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں اور پیش گوئیاں بھی دم توڑ گئیں، بے یقینی کی صورتحال تبدیل ہونے لگی،سب کی نظریں پانامہ اسکینڈل پر عدالت فیصلے پر ہیں، شاہراہ دستور پر معمول کی سرگرمیوں کا سلسلہ شروع ہو گیاہے، پانامہ اسکینڈل کی تفتیش کے باعث بعض اداروں میں سرکاری امور میں خلل پڑا تھا کیونکہ ساری توجہ اس تفتیش پر مرکوز ہو کر رہ گئی تھی،
سپریم کورٹ کی جانب سے پانامہ اسکینڈل پر فیصلہ سنانے کیلئے کسی غیر معمولی سر گرمی کا اظہار نہ ہونے پر سیاسی معاملات میں ٹھہراؤ آ گیا، سیاسی جماعتوں نے بھی اپنی سر گرمیوں کو محدود کر دیا ہے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان پانامہ اسکینڈل پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا،ہیجان اور اضطراب میں کمی آئی ہے اور اداروں میں سرکاری امور کی انجام دہی کا سلسلہ معمول پر آ گیا ہے۔