اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بڑا اعلان ہو گا یا روایتی باتیں، کون سے راز ہوں گے بے نقاب، سب نظریں چودھری نثار پر، وفاقی وزیر داخلہ آج اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ اس سے پہلے کمر درد کے باعث اتوار کو ہونے والی نیوز کانفرنس ملتوی کر دی گئی تھی۔ چودھری نثار علی خان نے اتوار شام پانچ بجے اہم پریس کانفرنس کرنا تھی،
جس میں ن لیگ سے اختلافات اور دیگر اہم امور پر گفتگو کرنا تھی مگر کمر میں شدید درد اور ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد انہوں نے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اتوار کو اپنی کانفرنس کمر درد کے باعث ملتوی کرنے کا بیان تو جاری کیا مگر اصل حقیقت یہ ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی ایک دن کے لیے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کی درخواست چوہدری نثار نے مان لی، ذرائع کا دعوی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف اتوار کو اسلام آباد آکر چوہدری نثار سے ملاقات کرنا چاہتے تھے مگر اپنی آنکھ کے آپریشن کی وجہ سے وہ نہیں آسکے البتہ شہبازشریف نے اتوار کو بھی تین بار نثار سے رابطہ کیا اور ان سے درخواست کی کہ وہ پریس کانفرنس اس وقت نہ کریں جب تک وہ ان کے تحفظات پر وزیراعظم سے بات نہ کرلیں اور ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہبازشریف چوہدری نثار کو پریس کانفرنس کرنے سے نہیں اس میں وزارت سے استعفیٰ دینے کے اعلان سے روک رہے ہیں اور چوہدری نثار کو کوئی بھی بڑا اقدام اٹھانے سے روکنے کے لیے وزراء بھی اتوار کو متحرک رہے اور ان کی کوشش ہے کہ نثار پارٹی اختلافات کو میڈیا میں نہ لائیں ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز نے بھی چوہدری نثار سے رابطہ کیا ہے اور چوہدری نثار کے پریس کانفرنس ملتوی کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کیونکہ وہ بیگم کلثوم نواز کی بہت عزت کرتے ہیں۔