اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شاہد خاقان عباسی کی چوہدری نثار سے وزیراعظم کی ہدایت پر ملاقات، منانے کی کوشش، کسی جونئیر کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر قبول نہ کرنے کی شرط رکھ دی، ذرائع۔ تفصیلات کے مطابق چوہدری نـثار کی جانب سے پارٹی چھوڑنے اور وزارت سے مستعفی ہونے کے امکانات کے پیش نظر وزیراعظم نواز شریف سخت پریشان ہیں اور انہوں نے اس سلسلے میں شاہد خاقان عباسی کو چوہدری نثار کو منانے کا ٹاسک دیا ہے جنہوں نے گزشتہ رات وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار
سے ملاقات کی ہے اور گلہ شکوے دور کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اپنے تحفظات سے شہباز شریف کو آگاہ کر دیا ہوا ہے تاہم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات میں انہوں نے پارٹی اور وزیراعظم کو نہ چھوڑنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی جونیئر رہنما کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر قبول نہیں کرینگے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کل ہونے والی اپنی پریس کانفرنس میں پارٹی کے اندرونی معاملات کو بھی زیر بحث لائیں گے۔