ملتان(آئی این پی) جوڈیشل مجسٹریٹ توصیف عدیل حسن نے فیس بک کے ذریعے خاتون کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق فیس بک پر خاتون کو بلیک میل کر کے 50 لاکھ روپے مانگنے والے ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا،پولیس تھانہ ایف آئی اے نے عدالت میں ملزم کے خلاف درج مقدمہ کا چالان پیش کیا ۔ ایف آئی اے نے ملزم حسین ابتہاج کو گرفتار کر کے مزید دو روزہ ریمانڈ حاصل کرنے کے لیئے عدالت سے استدعا کی ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق
بہاولپور کے رہائشی ملزم حسین ابتہاج نے فیس بک کے ذریعے خاتون کی تصاویر حاصل کر کے قابل اعتراض ایڈیٹنگ کی اور بلیک میل کیا۔ملزم نے قابل اعتراض تصاویر کے ذریعے خاتون سے 5 لاکھ روپے وصول کئے جبکہ5 لاکھ روپے وصول کرنے کے بعد اب ملزم 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا تھا۔ متاثرہ خاتون کے شوہر حسن ریاض نے ملزم کے خلاف بلیک میلنگ کا مقدمہ درج کروایا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کی جانب سے بلیک میلنگ کا کال ڈیٹا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے، ملزم سے رقم کی ریکوری اور مزید تفتیش باقی ہے۔