تہران (آئی این پی)ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے سرحدی علاقوں سے ایران میں دہشتگردحملے کرنے والے گروپوں کے خلاف کاروائی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے ،امید ہے کہ پاکستانی حکومت درست طریقے سے اپنی ذمہ داری کو پورا کرے گی اور ایران کے خلاف قانون شکن عناصر کی طرف سے دہشتگرد انہ اقدامات کو روکا جائے گا۔دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ایک براہ راست فوجی ہاٹ لائن قائم کریں گے ۔
بدھ کو ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ ہفتے اپنے دورہ اسلام آباد کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان نے اپنے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو بڑھانے اور دہشتگردوں کے حملوں کو روکنے کا وعدہ کیا ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ نے دورہ اسلام آباد کے دوران کہا تھاکہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان ایک براہ راست فوجی ہاٹ لائن قائم کریں گے ۔