ایڈیلیڈ (نیوز ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر وہاب ریاض پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے اور فیلڈ ریفری نے وہاب ریاض سے وضاحت بھی طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے گئے تیسرے کوارٹر فائنل میں وہاب ریاض اور شین واٹسن کے درمیان دلچسپ لفاظی جنگ دیکھنے میں آئی اور اس دوران وہاب ریاض شین واٹسن کو اپنی گیندوں سے پریشان کرنے کیساتھ ساتھ اپنی باتوں اور حرکتوں سے بھی پریشان کرتے رہے۔ آئی سی سی نے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تکرار کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ آئی سی سی نے وہاب ریاض پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ واضح رہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا الزام شین واٹسن پر بھی عائد کیا گیا ہے تاہم ابھی تک ان پر نا تو کوئی جرمانہ عائد کیا گیا ہے اورنا ہی کوئی اور کارروائی کی گئی ہے۔