لاہور ( این این آئی) محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کر کے آٹومیٹڈ رجسٹریشن کارڈز جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، اب رجسٹریشن بک کی جگہ آٹومیٹڈ رجسٹریشن کارڈز جاری ہوں گے جن کی ایک سائیڈ پر گاڑی اور اس کے مالک کی تفصیلات درج ہوں گی جبکہ کارڈ کی دوسری جانب بار کوڈز درج ہوں گے۔
جن کو کمپیوٹر میں سکین کرنے پر گاڑی کے ٹوکن، روٹ پرمٹ سمیت دیگر تفصیلات سامنے آجائیں گی، کارڈز کا سائز شناختی کارڈ کے سائز کا ہوگا۔اس حوالے سے ایڈیشنل ڈی جی ایکسائز چودھری مسعودالحق کا کہنا ہے کہ یہ فوری طور پر تبدیل نہیں کیا جائے گا بلکہ جو نئی گاڑی رجسٹرڈ، ٹرانسفر ہوگی اس کے لئے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کارڈ کی قیمت انتہائی کم رکھی جائے گی اور ٹینڈر کروالیا گیا ہے۔ جس میں چار کمپنیوں نے کوالیفائی کر لیا، کم ریٹ دینے والی کمپنی کو کارڈز بنانے کا ٹھیکہ دیا جائے گا۔