ایڈیلیڈ: (نیوز ڈیسک) آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ایرن فنچ نے اننگز کا آغاز کیا۔ وارنر نے پراعتماد شارٹس کھیلتے ہوئے پاکستانی باﺅلرز پر اپنی دھاک بٹھائی تاہم سہیل خان کے دوسرے ہی اوور میں ایرن فنچ ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے۔ ایرن فنچ نے ایمپائر کے فیصلے کیخلاف رویو لیا تاہم تھرڈ ایمپائر نے بھی انھیں آﺅٹ ہی قرار دیا۔ اس کے بعد سمتھ آئے جنہوں نے ڈیوڈ وارنر کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے سکور میں اضافہ کیا۔ تاہم آسٹریلوی ٹیم کا سکور ابھی 49 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ ڈیوڈ وارنر ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہاب ریاض کی گیند پر راحت علی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک آئے اور کچھ ہی دیر بعد چلتے بنے۔ وہاب ریاض نے کی اچھلتی ہوئی خوبصورت گیند پر صہیب مقصود نے ان کا کیچ لیا۔ مائیکل کلارک صرف 8 رنز ہی بنا سکے۔ واضع رہے پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو جیت کیلئے بظاہر 214 رنز کا آسان ہدف دیا ہے۔