پشاور(آئی این پی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ڈاکٹروں کے حالات کار بہتر بنانے کیلئے ترقی کے چار درجاتی فارمولے کی منظوری دے دی ہے۔یہ منظوری انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں محکمہ صحت کی طرف سے انکی ہدایات کے تحت تیار کردہ سمری کی منظوری کی صورت میں دی ہے جسکے تحت گریڈ 17کے میڈیکل افسرکو 50 فیصد، گریڈ 18 کے سینئر میڈیکل افسر کو 34فیصد، گریڈ 19کے پرنسپل
میڈیکل افسر کو 15فیصد اور گریڈ 20کے چیف میڈیکل افسر کو ایک فیصد کی شرح سے ترقی کے مواقع خود کار انداز میں مہیا ہونگے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ ، سیکرٹری صحت عابد مجید اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکر ٹری محمد اسرار موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکر ٹری صحت کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات ویلج، یو سی اور تحصیل و ضلع کی سطح پر انکی دہلیز پر مہیا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔