اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سافٹ ڈرنک کے نقصانات سے تو سب ہی بخوبی واقف ہیں تاہم اب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سافٹ ڈرنکس، مصنوعی مٹھاس والے شربت اور یہاں تک کہ روزانہ پھلوں کا رس بھی دماغ کو متاثر کرسکتے ہیں۔روزانہ سافٹ ڈرنک، فروٹ جوس اور مصنوعی مٹھاس والے شربت کا استعمال پورے دماغی حجم میں کمی اور یادداشت متاثر کرنے کی وجہ بن سکتا ہے۔ جو لوگ ڈائٹ سوڈا یا شکر سے پاک سافٹ ڈرنکس استعمال کرتے ہیں
ان میں ڈیمنشیا اور فالج کا خطرہ انہیں استعمال نہ کرنے والے افراد کے مقابلے میں تین گنا تک بڑھ سکتا ہے۔یہ بھی نوٹ کیا گیا ہے کہ سافٹ ڈرنک اور مصنوعی مٹھاس والے مشروبات دماغ کے حجم کرنے اور ایک اہم حصے ’’ہیپوکیمپس‘‘ کو بھی چھوٹا کرسکتے ہیں جو یادداشت میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ شکر والے مشروبات کا اندھا دھند استعمال دماغ کو شدید متاثر کرسکتا ہے۔ اسی طرح ڈائٹ سافٹ ڈرنکس کے بھی انتہائی مضر اثرات سامنے آئے ہیں جن میں فالج اور ڈیمنشیا جیسے خطرات بھی شامل ہیں۔