لاہور( این این آئی)اگر آپ صبح یا شام کی ورزش سے پہلے ایک کپ چقندر کا رس پی لیں تو اس سے دماغ تروتازہ اور جوان رہتا ہے۔ماہرین نے تحقیق کے بعد بتایا کہ اگر ورزش اور جاگنگ سے قبل چقندر کا رس پیا جائے تو اس سے دماغ کے بعض حصے بہت مضبوط اور سرگرم ہوجاتے ہیں جب کہ چقندر کا مستقل استعمال آپ کے دماغ کو جوان اور توانا رکھتا ہے۔ یہاں تک کہ اپنے خاندان میں ڈیمنشیا اور دماغی امراض کی تاریخ
رکھنے والے افراد بھی اس سے اپنے دماغ کو بچاسکتے ہیں۔شاید اس کی وجہ چقندر میں موجود نائٹرک آکسائیڈ ہے جو فوری طور پر دماغ میں خون کے بہا کو بڑھاتا ہے اور ورزش کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نائٹرک آکسائیڈ ایک بہت طاقتور شے ہے یہ جسم کے ان حصوں تک جاتا ہے جہاں آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہمارا دماغ غیرمعمولی طور پر زائد آکسیجن استعمال کرتا ہے۔ چقندر کا رس ورزش کے ساتھ مل کر دماغ پر کچھ ایسا ہی مثبت اثر ڈالتا ہے کہ وہ بہت حد تک نوجوانوں کے دماغ سے مشابہ ہوجاتا ہے۔